پولیس افسر چوہدری اسلم کی زندگی پرفلم بنانے کا اعلان
کراچی: پولیس آفیسرچوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔
فلم پروڈیوسر نیہا لاج نے کہا کہ پولیس آفیسرچوہدری اسلم ہمارے لیے ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں اورانھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے، ان سے محبت کرنے والا ہر شخص اس فلم کودیکھنا پسند کرے گا۔
نجی ہوٹل میں ڈائریکٹر عبداللہ بدینی، سینئر پرڈیوسر شاہدہ خان، پولیس افسران اور اداکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ چوہدری اسلم کا کردار ادا کرنے کے لیے کوئی نیا چہرہ متعارف کروایا جائے گا اور فلم کی عکس بندی 2 ماہ بعد شروع کی جائے گی جو 11ماہ کے دوران مکمل کرلی جائے گی۔
دوسری جانب ڈائریکٹر عبداللہ بدینی نے کہا کہ چوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے یہ ایک احسن اقدام ہے، سینئر پرڈیوسر شاہدہ خان نے بتایاکہ چوہدری اسلم کا کردار مجھے ہمیشہ سے پسند تھا، عام موضوعات پر تو فلمیں بنتی ہی رہتی ہیں لیکن اس طرح کسی دلیرآفیسرکی زندگی پر فلم بنانا قابل ستائش ہے۔
چوہدری اسلم کے قریبی دوست اور پولیس افسرطارق اسلام نے کہاکہ 15 سال میں 12 سو سے زائد پولیس کے نوجوان شہید ہوچکے ہیں ، میں نے 12سال سے چوہدری اسلم کے ساتھ گزارے ان کی کارگردگی دیکھی وہ نہایت بہادر انسان تھے جواپنا کام بڑی محنت لگن اورایمانداری سے کرتے تھے۔