پولیس آفیسر جینیفر میگنس کے استعفیٰ نے کئی سوالات کو جنم دیا

(نصٰیر احمد ظفر رٰیذیڈنٹ آڈیٹر نیوز وی او سی آن لائن ) پبلک میں بڑے جذباتی انداز میں کیلگری کی خاتون پولیس آفیسر جینیفر میگنس کے استعفیٰ نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ میگنس نے کیلگری پولیس کمیشن کے روبرو اپنے آنسوؤں کو زبردستی روکتے ہوئے اپنے استعفیٰ کی وجوہات بیان کیں۔ کیلگری پولیس سروس کے سربراہ روجر چافن نے فوری طور پر استعفیٰ قبول کرنے کی بجائے میگنس کو ایک بار پھر سوچ لینے کے لئے چودہ دن کی مہلت دی ہے۔ میگنس کی واقف حال سابق سرغ رساں مارلین ہوپ کا کہنا ہے کہ میں نہیں سمجھتی کہ میگنس اپنا فیصلہ بدلے گی۔ اس نے بڑی ذہنی کشمکش اور سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ منگل کے روز اپنے استعفیٰ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے میگنس کا کہنا تھا کہ وہ ان دو پولیس آفیسرز میں سے ایک ہے جن کی شکایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کے پولیس سروس میں خواتین آفیسرز کو تنگ کرنے ، ان سے زبردستی کرنے ، ان کو خوف زدہ کرنے اور ان سے دست درازی کرنے کی شکایات عام ہیں۔ اس رپورٹ کو عوام کے سامنے نہ لانے اور اعلیٰ حکام کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ان شکایات سے کوئی سرو کار نہیں اور وہ ان کی اصلاح کے لئے تیار نہیں ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں