پنجاب میں مسلح گروپ موجود، نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی ہونی چاہئے،پانامہ لیکس پر کسی کیساتھ بھی اکٹھے ہو سکتے ہیں: عمران خان
کراچی (نیوز وی او سی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھی دہشت گرد اور مسلح گروپ موجود ہیں جن کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا گئی ہے اور قوم غریب ہو رہی ہے۔ پانامہ لیکس پر مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس ون پوائنٹ ایجنڈے پر کسی کیساتھ بھی اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں یہودیوں کی سازش کی کیا ضرورت؟ ان کا نعرہ ہے کہ رقم بڑھاﺅ نواز شریف! ہم تمہارے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے باعث قوم غریب ہو رہی ہے اور کرپٹ لوگ اپنے لئے پیسہ بنانے میں ملک کو تباہ کر دیتے ہیں ۔ بلیک منی وائٹ کرنے کیلئے 1992ءمیں اکنامک ریفارمز کی گئیں اور اس دوران حکومت کےساتھ دیگر کرپٹ لوگوں نے بھی فائدہ اٹھایا۔ اب بھی کرپشن کے بڑے مگرمچھوں کو بچایا جا رہا ہے لیکن اگر نیب کو ٹھیک کیا جائے تو یہ خود پکڑے جائیں گے ۔ کرپشن اور چوری رک گئی تو پیسہ عوام پر خرچ ہو گا
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلح گروپ موجود ہیں جن کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ پنجاب میں مغل اعظم بیٹھے ہیں جو کسی پر بھی ہاتھ رکھ دیتے ہیں اور جس پر یہ ہاتھ رکھتے ہیں وہ چاہے قانون توڑیں یا دہشت گردی کریں ، کوئی مسئلہ نہیں اور صرف دوسرے ہی انہیں نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس ون پوائنٹ ایجنڈے پر کسی سے بھی اکٹھے ہو سکتے ہیں ، آصف زرداری اور نواز شریف نے بہت باریاں لے لی ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کا بھی یہی نعرہ ہے کہ رقم بڑھاﺅ نواز شریف! ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری کیساتھ جائیں گے۔