پنجاب میں دہشتگردوں کو گولی مارنے کا حکم
فیصل آباد (نیوز وی او سی ) پنجاب میں کالعدم تنظیم کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور خود کش جیکٹس یا بارودی مواد کیساتھ پکڑے جانے والے دہشتگردوں کو موقع پر ہی "کیفر کردار ” تک پہنچانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور بھرپور آپریشن کے لئے طے کیا گیا ہے کہ اگر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس چاہے گی تو رینجرز کو طلب کیا جاسکے گا اور رینجرز تنہا نہیں بلکہ پہلے سے موجود پولیس اور سی ٹی ڈی کیساتھ مل کر آپریشن کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ کالعدم تنظیم الاحرار کو پنجاب سے سپورٹ لشکر جھنگوی کا نیٹ ورک فراہم کر رہا ہے اور اس کے زیادہ تر وہ کارندے جو لشکر کی قیادت مارے جانے کے بعد بھٹک رہے تھے اب اس تنظیم سے رابطے میں ہیں ، جس کے بعد طے پایا ہے کہ ان دہشت گردوں سے "دیکھتے ہی گولی مارنے "کے حکم کی طرح نمٹا جائیگا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی اور اس کے لئے پولیس اور دیگر ادارے بھر پور طاقت کیساتھ آپریشن کریں گے ۔ خود کش حملہ آوروں کے سہولت کاروں کو بھی "جیٹ بلیک” دہشت گرد سمجھا جائیگا اور ان سہولت کاروں کے پورے نیٹ ورک کو توڑا جائیگا اور ان کو رہائش فراہم کرنے سے لیکر پناہ دینے اور اطلاعات پہنچانے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مکمل منصوبہ بندی کیساتھ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کو بتایا گیا کہ گلشن پارک لاہور میں ہونے والا دھماکہ بھی اسی نیٹ ورک نے کیا تھا جس کے اہم ترین کردار اور ماسٹر مائنڈ کو رواں ماہ ہی کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے اور اب مال روڈ لاہور دھماکے کے تانے بانے بھی اس نیٹ ورک سے جڑے ہیں جس کے بعد بھر پور آپریشن کی منظوری دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اہم نوعیت کے مقدمات ٹریس ہونے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا ۔