پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سکریننگ کا آج سے آغازہو گا
لاہور 22 جنوری 2018
(بیورو رپوٹ پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
عوام کو محفوظ ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے فوڈ ہینڈلرز اور خوانچہ فروشوں کی مفت بلڈ سکریننگ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جس کے تحت سڑک کنارے اشیاء خوردوونوش فروخت کرنے والوں کی مفت میڈیکل سکریننگ کی جائے۔اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کہ فوڈ ہینڈلرز کسی بھی قسم کی بیماری کا شکار نہ ہو اور ان کے ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کسی بھی قسم کے بیماری کے جراثیم سے پاک ہو، سڑک کنارے خوراک کا کاروبار کرنے والے تما م فوڈ ہینڈلرز کا فری بلڈ سکریننگ ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ بلڈ سکریننگ کے نتائج آنے کے بعد صرف صحت مند اور کسی بھی قسم کی بیماری سے محفوظ فوڈ ہینڈلرز کو خوراک کی تیاری اور فروخت کی اجازت ہو گی ۔اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین کا کہناتھا کہ خوراک فروخت کرنے والوں کی ایک بڑی اکثریت سڑک کنارے ریڑھی لگانے والوں اور ڈھابوں کی ہے جہاں سے لاکھوں کی تعداد میں عام آدمی روزانہ کھانا کھاتے ہیں ۔ یہ لوگ روزانہ کی اجرت پر کام کرتے ہیں اور ان کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی لیبارٹری آکر ٹیسٹ کروانا اوراس کی معمولی فیس ادا کرنا بھی دشورا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی سروے رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مختلف علاقوں میں کیمپس لگا کر دیگر اداروں کے تعاون سے ان فوڈ ورکرز کے مفت بلڈ ٹیسٹ کیے جائیں تاکہ عوام تک پہنچنے والی خوراک مکمل طورپر محفوظ ہو۔نورالامین مینگل کامزید کہنا تھا کہ لاہور سے شروع کیے گئے اس پراجیکٹ کو اگلے مرحلے میں صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کے صحت مند پنجاب ویژن کی تکمیل کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور تمام اداروں کا تعاون مثالی ہے۔ مفت بلڈ سکریننگ ایک مہنگا عمل ہے تا ہم محکمہ ہیلتھ کے تعاون سے پنجاب فوڈ اتھارٹی میڈیکل سکریننگ لیبارٹری ونگ اس کو خوش اسلوبی سے سر انجام دے سکے گا۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور فری بلڈ سکریننگ کیمپ سے اپنے ٹیسٹ کروائیں۔