پنجاب رینجرز کی کارروائی، 7 ’دہشتگرد‘، 20 مشتبہ افغانی گرفتار

لاہور 16 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پنجاب رینجرز نے صوبے کے مختلف شہروں میں آپریشن کے دوران 7 مشتبہ دہشت گردوں اور 20 مشتبہ افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاع پر یہ آپریشنز اٹک، ڈیرہ غازی خان اور لاہور میں گزشتہ تین روز کے دوران کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس اور حساس اداروں کی مدد سے کیے گئے ان آپریشنز کے دوران غیر قانونی خودکار اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ حراست میں لیے جانے والے ’دہشت گردوں‘ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔
بیان کے مطابق قبضے میں لیا گیا اسلحہ و گولہ بارود ممکنہ طور پر پنجاب کے بڑے شہروں میں ہونے والی تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا گیا۔
ٹیکسیلا آپریشن
دوسری جانب حساس اداروں اور پولیس نے راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کے دوران 20 کلو بارودی مواد، 35 ڈیٹونیٹرز اور بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔
آپریشن کے دوران افغان کرنسی اور متحدہ عرب امارات کے درہم بھی برآمد کئے گئے۔
مشترکہ کارروائی میں دو ملزمان عمران علی نقوی اور ہاشم علی کو حراست میں لیا گیا تاہم زیر حراست ایک ملزم عبدالرحٰمن پولیس کو جھانسا دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
قبضے میں لیا گیا اسلحہ اور بارودی مواد تھانہ ٹیکسیلا منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔