پاکستان

پنجاب: اربوں ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کے 60 معاہدے مخالفین تیزرفتارترقی دیکھ کرمردہ حالت میں چلے گئے شہباز شریف

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی وزیراعلیٰ سے 3گھنٹے ملاقات، سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار فضا ہے فائدہ اٹھائیں گے ، سرمایہ کا روں کا حکومتی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ، وزیراعلیٰ نے نمائش کا افتتاح کیا لاہور( سیاسی نمائندہ، سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین تیزرفتارترقی دیکھ کرمردہ حالت میں چلے گئے ،پاکستان زندہ ہے، ملک کی 70سالہ تاریخ میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ہوتے رہے لیکن ماضی میں ان معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر عملدر آمد آٹے میں نمک کے برابر رہا تاہم اپریل2015 میں چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورہ کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر جس تیزرفتاری سے عملدرآمد ہوا ہے ، اس پر واشنگٹن سے ٹوکیو اور دہلی سے ماسکوتک پوری دنیا حیران ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراربوں ڈالر کے 60سے زائد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔چین، فرانس، ترکی،جرمنی،جاپان،جنوبی کوریا،برطانیہ اور دیگر مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پہلے بین الاقوامی سیمینار کی طرح لاہور میں منعقد ہونے والا دوسرا بین الاقوامی بزنس سیمینار بھی ہر لحاظ سے کامیاب رہاہے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے مخالفین ملک کی تیزرفتار ترقی پر حیران اورپریشان ہیں اوران کے چہروں پر اداسی اور مایوسی ہے اوریہ عناصر ملک و قوم کی ترقی نہیں چاہتے ، اسی لئے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ، ا نشا اﷲ پاکستان اسی رفتار سے آگے بڑھے گااور ترقی کرے گااوردنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔عزت کی دال روٹی جو کچے برتنوں میں ہو، وہ اس مرغی اوربریانی سے کروڑ ہا درجے بہتر ہے جو ذلت کے ساتھ ہیرے اورجواہرات کے برتنوں میں ملے ،اسی سبق کو پلے باندھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے اورمحنت سے کام کرتے ہوئے کشکول گدائی توڑنا ہے ۔انشا اﷲ وہ دن ضرور آئے گا جب کشکول ٹوٹے گا اورہاتھ پھیلانے کا کلچر دفن ہوگا۔میری ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ آپ پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کریں اوریہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائیں، اپنا منافع کمائیں اور عوام کو خدمات فراہم کریں،آپ کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں دوسرے بزنس سیمینار کا کامیاب انعقاد ایک شاندار کارنامہ ہے انہوں نے کہا کہ 48گھنٹے بعد پاکستان کے سب سے بڑے کول پاور پراجیکٹ کا ساہیوال میں افتتاح ہو رہا ہے اور وزیراعظم نوازشریف 1320میگاواٹ کے اس منصوبے کا افتتا ح کریں گے ،یہ ماڈل ہے شفافیت، رفتار اورمعیار کا اوراسی ماڈل کو ہم آگے لیکر بڑھ رہے ہیں ۔پنجاب حکومت نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا ہے جو سی پیک اوردیگر اہم منصوبوں کو اپنے طورپرسکیورٹی فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے سرمایہ کاروں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں اور آپ کی بھی وہی سکیورٹی ہوگی جو میری اپنی سکیورٹی ہے ۔آئیے !آپ پنجاب میں سرمایہ کاری کریں ۔چین ،ترکی اوردیگر ملکوں کے سرمایہ کاروں کووی وی آئی پی کا درجہ دیا جاتا ہے اورانہیں پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔میرے سرمایہ کار میرے ماسٹر ز ہیں اورہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ایک خاندان کی مانند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست بھی ’’ ڈومور ‘‘ کا کہتے ہیں لیکن وہ صرف تعلیم،صحت کی سہولتوں میں بہتری ،پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے ،سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی اورعام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ’’ڈومور‘‘ کا تقاضا کرتے ہیں اورہمیں اپنے ایسے دوستوں پر فخر ہے ۔صوبائی وزرا،سفارتکار،چین اورترکی کے قونصل جنرل ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،دنیا کے 26سے زائد ممالک سے سرمایہ کاروں،صنعتکاروں کے علاوہ پاکستان بھر سے تاجروں اورصنعتکاروں نے سیمینار میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور اعلیٰ حکام نے مقامی ہوٹل میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں 3 گھنٹے سے زائد جاری رہیں ۔چین، فرانس، ترکی،جرمنی،جاپان،جنوبی کوریا،برطانیہ اور دیگر مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔ غیرملکی سرمایہ کاروں نے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت، کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں،صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی او رکہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار فضا ہے اور ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے ،سیمینار کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ’’شہباز سپیڈ ‘‘ کا چرچا ہر زبان پر ہے ۔ترقیاتی منصوبوں میں ’’شہبازسپیڈ‘‘ نے پاکستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے موضوع پر دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر لگائی جانے والی نمائش آئی ایس بی او پی ایکسپو2017 کا افتتاح کیا صوبائی وزراشیخ علاؤالدین ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، منشا اﷲ بٹ، اراکین اسمبلی ، چیف سیکرٹری اور پنجاب کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلٰی نے نمائش کا دورہ کیا اور ہر ایک سٹال پر گئے اور مختلف سٹالز پر رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلٰی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے کامیاب بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے -سیمینار میں 26 ممالک کے 400 سے زائد مندوبین نے شرکت کی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا یہاں آنا وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے منصوبے تیز رفتاری سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور بجلی کے منصوبے مکمل ہونے سے توانائی بحران آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے اور وہ وقت قریب ہے جب عوام کو لوڈشیڈنگ سے ہمیشہ کیلئے نجات ملے گی اور توانائی بحران کے خاتمے سے تجارتی، صنعتی اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور عام آدمی کی فلاح و بہبودکے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم ملک کی تعمیر و ترقی کا فیصلہ کر چکی ہے اوراب وہ کسی کو ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر روکنے نہیں دے گی۔ اس موقع پر صدر چیمبر عبدالباسط نے کہا کہ نمائش کے ذریعے پوری دنیا میں مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے کارآمد ملک ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے مانچسٹر میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button