پردے کے لیے شرعی تقاضوں کے تحت کوئی بھی طریقہ اپنایا جاسکتا ہے، سعودی عالم
ریاض: سعودی علما کمیٹی کے سینئر رکن شیخ ڈاکٹر عبدالمطلق نے کہا ہے کہ خواتین کے لیے عبایا لازمی نہیں کیونکہ شرعی احکامات کے تحت ’پردہ ‘ کرنا لازمی ہے جس کے لیے شرعی تقاضوں کے تحت کوئی بھی طریقہ اپنایا جاسکتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عالم نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ خواتین کو عبایا پہننے پر پابند نہیں کیا جاسکتا، اللہ تعالی ٰ نے قرآن مجید کی سورۃ الاحزاب میں خواتین کے پردے کا حکم دیا ہے اس لیے خواتین پردے کے لیے جو صورت اختیار کرنا چاہیں وہ کرسکتی ہیں اس کے لیے برقع یا عبایا پہننا لازم نہیں۔
شیخ عبدالمطلق نے کہا کہ مکہ اور مدینہ میں مقدس مقامات پر بعض خواتین عبایا نہیں پہنتیں بلکہ کسی اور طریقے سے پردہ کرتی ہیں جو ایک دلیل ہے کہ عبایا کی پابندی ضروری نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالم اسلام کی 90 فیصد باوقار خواتین پردے کے لیے عبایا استعمال نہیں کرتیں بلکہ دیگر چیزوں کا استعمال کرتی ہیں۔