پاک چین فلمسازی،سیدنورسکرپٹ پرکام کرنے میں مصروف
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان و چین کے درمیان مشترکہ فلمسازی کرکے ہم اپنی فلم انڈسٹری کو ایک نیا رخ دے سکتے ہیں ۔ ہم اپنی فلموں میں پاکستان و چین کی لازوال دوستی اور دیگر کہانیاں پیش کرکے چین میں 35 ہزار سے زائد سینما سکرین حاصل کرسکتے ہیں ۔ بھارتی فلموں پر پابندی سے ملکی سینما گھروں کو درپیش مسائل کا حل ہم مختلف ممالک کیساتھ کو پروڈکشن کرکے پورا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چیئر مین و ہدایتکار ، فلمساز سید نور نے گزشتہ روز نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا چین کا دورہ کرکے احساس ہوا کہ ہمیں بھارتی فلموں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے ، ان کیساتھ فلمسازی کرکے ہمیں ایک بڑا سرکٹ بھی مل جائیگا۔ چین کی فلمیں ڈب کرکے ہم انکی ثقافت کو اپنے لوگوں تک اور اپنی فلموں سے ملکی ثقافت کو چین میں متعارف کراسکتے ہیں۔ چین میں اردو بولنے و سمجھنے والے بہت ہیں ، وہ پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں ۔ مشترکہ فلمسازی کیساتھ دونوں ممالک کی لازوال دوستی کے حوالے سے سکرپٹ پر کام کررہا ہوں اس حوالے سے فوکس پی کے 16 کی انٹر ٹینمنٹ کانفرنس میں وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے بھی گفتگو ہوئی جس میں انکو اپنے چین کے دورے سے آگاہ کیا انہوں نے میری تجاویز پر عمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ۔