پاکستان

پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے چینی سفیر سن ویڈانگ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،آپ پاکستان کے عظیم دوست ہیں:شہبازشریف

لاہور (نیوز ویناو سی آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے مقامی ہوٹل میں چین کے 68ویں قومی دن اور چین کے سفیرسن ویڈانگ کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلی نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاک چین دوستی کو فروغ دینے اور سی پیک کے منصوبوں کیلئے گراں قدر خدمات پر چینی سفیر سن ویڈانگ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
چین کے سفیر سن ویڈانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب غیر معمولی انداز میں پیشرفت کی ہے۔ پاک چین دوستی کے فروغ او رسی پیک کے منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے شہبازشریف نے انتھک محنت سے کام کیا ہے۔شہبازشریف کا اس حوالے سے عزم او رخدمات نا قابل فراموش ہیں۔پاکستان او رچین انتہائی با اعتماد دوست ہیں۔چینی صدر کے دورہ اسلام آباد کے بعد تعلقات کے نئے باب کھلے ہیں۔وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہاہے ۔شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے عظیم خدمات سرانجام دی ہیں۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ 22ماہ میں مکمل ہواہے ۔توانائی کے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے ۔اس منصوبے کو’’ پنجاب سپیڈ ‘‘سے مکمل کیاگیاہے۔ہم اسے پاکستان سپیڈ بھی کہتے ہیں۔’’ پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز شہباز شریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے ۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی قیادت کے ترقیاتی ویژن کا عکاس ہے ۔ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں اضافے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کردار لائق تحسین ہے۔ پاکستان خصوصا پنجاب کے عوام کے خلوص ، پیار اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھوں گا ۔آپ نے ہر موقع پر جو پیار ، خلوص اور محبت کا مظاہرہ کیا اسے کبھی بھلا نہیں سکتا ۔پاک چین تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے آپ نے فعال کردار ادا کیا ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور ورکرز کی دیکھ بھال او رسکیورٹی پر خصوصی توجہ دی ہے۔چین نے پاکستان کی سالمیت کے حوالے سے ہمیشہ اسے سپورٹ کیا ہے۔چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔پاکستان اور چین کے عوام چھوٹے چھوٹے دریاؤں کی ماند ہیں جو ملکر ایک بڑا دریا بنتے ہیں۔ جس طرح پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے اور یہ دریا ایک سنگم پر آکر دریا ئے سندھ بن جاتے ہیں۔اسی طرح ہم بھی ملکر ایک سنگم پر آکر ایک ہو جاتے ہیں۔آئیے ہم ملکر کام کرتے رہیں اور دوستی کے دریا کو آگے لیکر جائیں۔چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب او رپاکستان میں جو محبت اور خلوص ملا ہے وہ بے مثال ہے۔سی پیک سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔وزیراعلی شہبازشریف ویژنری لیڈر ہیں ۔وزیراعلی کی قیادت میں سی پیک کے کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور کئی منصوبوں پر انتہائی تیزی سے کام جاری ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین کی بھوگیوں کا پہلا سیٹ لاہور پہنچ گیاہے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے مثالی کردار ا دا کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے چینی سفیر سن ویڈانگ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آپ پاکستان کے عظیم دوست کے طو رپر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ہماری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔ چینی سفیر نے پاک چین تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلنے کے حوالے سے مثالی کردار ادا کیا ہے ۔ چینی سفیر نے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ آپ نے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کیلئے اپنے فرائض سے بھی آگے بڑھ کر کام کیا ہے۔ آپ کے دور میں دو طرفہ معاشی تعاون کا عظیم سفر آگے بڑھا ہے۔پاکستانی اور پنجاب کے عوام کی نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں اور آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے ۔چین کے صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اور روڈ کا شاندار ویژن دیاہے ۔پاکستان اور چین کے مابین برادارنہ دوستی کا سفر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے ۔ دونوں ملکوں کی دوستی کی مثال اپنی مثال آپ ہے ۔ پاکستان اور چین باہمی احترام ، محبت اور پیار لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ سی پیک ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے 6ماہ قبل مکمل کیا گیاہے۔سولر پاو رپلانٹس ،پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ ،لاہور کراچی موٹروے ، اورنج لائن میٹرو ٹرین او ردیگر منصوبوں پر دن رات کام ہورہاہے ۔چین نے مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر سچے دوست کا ثبوت دیاہے ۔پاکستانی عوام چین کے اس بے مثال تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے ۔پاکستانی قوم چین کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں اتار سکتی۔چین کے بے پایا ں تعاون او رعظیم سرمایہ کاری پر پوری قوم چین کی قیادت او رعوام کی شکر گزار ہے۔پاکستان خوش قسمت ہے کہ اسے چین جیسا عظیم دوست ملا ہے ۔ میں چین کی قیادت اور حکومت کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔ پاکستان او رچین کی دوستی تا قیامت قائم رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کی بھوگیوں کا پہلا سیٹ لاہو رپہنچ چکاہے۔اس ٹرین پر روزانہ اڑھائی لاکھ سے زائد عام شہری عزت سے سفر کریں گے۔چین کی قیادت کا یہ پاکستانی عوام کے لئے عظیم تحفہ ہے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین سے عالمی معیار کی سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔چین کی حکومت نے ملتان میٹرو کے حوالے سے ایک ٹی وی چینل کے بے بنیاد الزامات کی سختی کی تردید کر کے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ چین کی حکومت نے اس ضمن میں سرکاری طور پر ان بے بنیاد الزامات کی سختی تردید کی۔چینی حکومت کی اس تردید نہ صرف میری بلکہ عوام کی عزت میں چین میں اضافہ ہواہے۔وزیراعلی پنجاب اور چین کے سفیر نے ملکر چین کے قومی دن کے موقع پرکیک کاٹا او رایک دوسرے کو کھلایا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چینی سفیر کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ بھی دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button