پاک فوج کی چین آف کمانڈ کے خلاف بیان ،خواجہ سعد رفیق کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس حکام کو نوٹس جاری
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف شکنجہ کسنے کی تیاری ،لاہور کی مقامی عدالت نے فوج کی کمانڈ کے خلاف بیان دینے پر اندراج مقدمہ کے لئے پولیس حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ۔
تفصیلات کے مطابقوفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چند روز قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کی چین آف کمانڈ کے حوالے سے گفتگو کی جس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے سخت اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کا بیان غیر ذمہ دارانہ تھا، پاکستان آرمی ڈسپلن آرگنائزیشن ہے، آرمی چیف کے ایک اشارے پر ساری فوج وہیں دیکھنا شروع ہوجاتی ہے جو وہ چاہتے ہیں، ملک میں سیاسی سرگرمی چل رہی ہے، آرمی اس پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دینا چاہتی، اگر کوئی سازش ہے تو انہیں ثبوت کے ساتھ سامنے آنا چاہیے کہ کیا سازش ہے، پاکستان آرمی ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے اچھی طرح واقف ہے۔پاک فوج کے اس رد عمل پر خواجہ سعد رفیق نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں ذمہ دارشخص ہوں اور میں نے کبھی غیرذمہ دارانہ یا غیرآئینی رویہ نہیں اپنایا، ڈی جی آئی ایس پی آرمثبت آدمی ہیں، ان کے ردِعمل پر دلی دکھ ہوا، ماتحت نظام کو کبھی ٹارگٹ کیا اور نہ ہی اس کا تصورکرسکتاہوں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ27 منٹ کی تقریر بالائے طاق رکھ کر چند الفاظ پر رائے قائم کرنا مناسب نہیں۔خواجہ سعد رفیق کے بیان کو سامنے رکھتے ہوئے سول سوسائٹی کی رکن آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی، جس میں سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او سول لائن کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے ،انہوں نے فوج کی کمانڈ کے بارے میں جو بیان دیا اسے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔مقامی عدالت نے سعد رفیق پر اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔