پاک فوج امریکی مالی امدادکے بغیربھی طاقتورہے: میجرجنرل آصف غفور
راولپنڈی (نیوز وی او سی آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہمیں عزت کی قیمت پرسیکیورٹی امدادنہیں چاہیے پاک فوج امریکی مالی امدادکے بغیربھی طاقتورہے،پاکستان نے پیسوں کیلئے نہیں امن کیلئے جنگ لڑی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہماراعزم کبھی کم نہیں ہوسکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف کا غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا ہم پرشک امن واستحکام کے مشترکہ مقصد کونقصان پہنچاسکتا ہے،پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہیں نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے د ہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں ہم نے د ہشت گردوں کیخلاف بلاامتیازکارروائیاں کیں۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ امدادکی معطلی سے قیام امن کی کوششیں اور باہمی سیکیورٹی تعاون متاثرہوگا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان برداشت کیا۔