پاک-بھارت کشیدگی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے یہ مستقل جنگ بندی ہوگی، امریکی صدر ٹرمپ

پاک-بھارت کشیدگی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے یہ مستقل جنگ بندی ہوگی، امریکی صدر ٹرمپ
ریاض – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی امریکن انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں کہا ہے کہ جنگیں انہیں پسند نہیں، دنیا میں امن چاہتے ہیں، اور گزشتہ ہفتے ان کی انتظامیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری جنگ بندی کروا کر کشیدگی ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت نے انتہائی کشیدہ صورتحال میں دانشمندی کا مظاہرہ کیا، دونوں ممالک طاقتور اور غیر متزلزل قیادت رکھتے ہیں، اور امید ہے یہ جنگ بندی دیرپا ثابت ہوگی۔
امریکی صدر نے اس موقع پر نائب صدر جے ڈی ونس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے ممکنہ تباہ کن تصادم کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ کشیدگی روز بروز بڑھ رہی تھی اور لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو امن، ترقی اور تجارت کی دعوت دی گئی ہے، اور وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ایک مشترکہ عشائیے کی امید رکھتے ہیں۔
اپنے خطاب میں امریکی صدر نے چین کے ساتھ جاری تجارتی پیش رفت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ نے امریکی مصنوعات کے لیے اپنے دروازے کھولنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، اور امریکہ کی بیوروکریسی کو محدود کرکے سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنایا گیا ہے۔
امریکی صدر نے محمد بن سلمان کو “عظیم اور کرشماتی رہنما” قرار دیا اور سعودی و اماراتی قیادت کی ترقیاتی کاوشوں کو سراہا۔ ان کے مطابق سعودی عرب کا دورہ تاریخی اور کامیاب رہا اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ایران، لبنان، غزہ اور شام پر مؤقف
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی پالیسیاں اسے ریگستان میں بدل چکی ہیں، اگر ایران نے امن کی پیشکش قبول نہ کی تو پابندیاں مزید سخت ہوں گی۔ حزب اللہ اور حوثیوں کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے لبنان اور یمن میں تباہی ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور شامی عوام کو ایک نیا موقع دیا جائے گا۔ اس فیصلے میں سعودی ولی عہد کا اہم کردار رہا۔
اسرائیل سے ممکنہ معاہدہ
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب جلد اسرائیل سے معمول کے تعلقات قائم کرے گا، تاہم یہ فیصلہ سعودی قیادت اپنے وقت پر کرے گی۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت بھارتی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ اسی روز امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔
وی او سی اردو
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k