پاک بھارت کرکٹ کا سیاست کی نذر ہونا افسوسناک ہے، رمیز راجہ
لاہور: (نیوز وی او سی آن لائن)سابق قومی کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بھارت کی ہٹ دھرمی افسوسناک ہے اور اس سے کرکٹ متاثر ہو رہی ہے، سیاست میں اس قدر آگے نہ بڑھا جائے کہ روایات دفن ہی ہو جائیں۔
اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور سے میٹ دی پریس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو اوپر لے کر جانے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، سجال کے دفتر میں آکر ایسا لگا کہ بہت دیر بعد کرکٹ کھیل کر گھر واپس آیا ہوں۔ بھارت اور پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کرکٹ متاثر ہورہی ہے، بھارت کو سیاست میں اتنا آگے نہیں جانا چاہیے کہ روایات دفن ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ مشکل سیریز ہے، گرین شرٹس فارم میں ہیں، بہتر پرفارم کریں گے تو آگے جائیں گے۔ ہماری بیٹنگ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں، ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میرے ہاتھ میں طاقت ہوتی تو کرپشن کرنے والے کھلاڑیوں کو کبھی واپس نہ آنے دیتا، سلمان بٹ اور محمد آصف کو واپس ٹیم میں نہ لانے کا فیصلہ درست ہے۔