پاک بھارت سیریز کی بحالی پر برمنگھم میں مذاکرات کا امکان
کراچی(مانیٹرنگ دیسک) پاک بھارت سیریز کی بحالی پر چار جون کو برمنگھم میں دونوں ممالک کے بورڈ آفیشلز کے درمیان بات چیت کا روشن امکان ہے جب روایتی حریف ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ کیلئے میدان سنبھالیں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مفاہمتی یادداشت کے باوجود بھارت کیخلاف سیریز نہ ہونے کے نتیجے میں بھاری مالی نقصان کے پیش نظر بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس ارسال کیا تھا جس میں باہمی سیریز کی بحالی اور نقصانات کی تلافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے قانونی نوٹس کے جواب میں حکومتی اجازت نہ ہونے کے پرانے جواز فراہم کئے ہیں کہ جب تک ان کی حکومت اجازت نہ دے وہ پاکستان کیخلاف نہیں کھیل سکتے۔شہریارخان کا کہنا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے دوران بی سی سی آئی کے آفیشلز سے ملاقات کریں گے جہاں اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات چیت کے بعد وہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے جس میں اپنی شکایت آئی سی سی کی تنازعات حل کرانے والی کمیٹی تک لے جانے کا آپشن بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ شہریار خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی کوئی خاص امید نہیں کہ جلد پاک بھارت کرکٹ بحال ہوگی۔