پاک بحریہ کے نئے کمانڈر کوسٹ اور کمانڈر پاکستان نیوی فلیٹ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
کراچی: رئیر ایڈمرل معظم الیاس اور رئیر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بالترتیب پاک بحریہ کی کوسٹل اور فلیٹ کمانڈ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رئیر ایڈمرل معظم الیاس اور رئیر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بالترتیب پاک بحریہ کی کوسٹل اور فلیٹ کمانڈ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس حوالے سے کراچی میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ جس میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے 1980 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر تعینات رہے۔ وہ پی این ایس بدر اور پی این ایس بابر کے کمانڈر رہنے کے علاوہ ایران میں نیول اور ائیر اتاشی کی حیثیت سے بھی تعینات رہے ہیں۔ بحیثیت کمانڈر کوسٹ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل وہ لاہور میں کمانڈنٹ پی این وار کالج اور کمانڈر سینٹرل پنجاب کے فرائض انجام دے رہے تھے۔اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں رئیر ایڈمرل معظم کو ہلال امتیاز (ملٹری ) سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
نو منتخب کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل محمد امجدخان نیازی نے 1981 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی اور پاکستان نیول اکیڈمی میں اپنی ابتدائی تربیت کی تکمیل پر اعزازی شمشیر حاصل کی ۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر تعینات رہے۔ وہ اٹھارویں تباہ کن اسکواڈرن کے کمانڈر، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ، ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس اور چین میں بحیثیت چیف نیول اوورسیز بھی تعینات رہے ہیں۔ نو منتخب کمانڈر پاکستان فلیٹ کو ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارئہ بسالت سے سرفراز کیا گیا ہے۔ انہیں فرانسیسی حکومت کی جانب سے فرنچ میڈل شیویلئر (نائٹ) کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔