پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکہ کے صدر جو بائیڈن کو خط لکھ دیا ہے۔ اس خط سے متعلق ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمعے کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل منظور کی جائے اور ان کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔
عافیہ صدیقی اس وقت امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک وفاقی جیل میں 86 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ انہیں 2010 میں نیویارک کی وفاقی عدالت نے امریکی شہریوں کو قتل کرنے کی کوشش سمیت سات الزامات میں سزا سنائی تھی۔