رنگ برنگ

پاکستان کے قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں یوم پاکستان کے موقع پر ہلالی پرچم لہرانے کی تقریب

منور علی شاہد، بیوروچیف جرمنی
یوم پاکستان کے حوالے سے بیرون ممالک میں بھی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہو گیاہے پاکستانیوں کی مختلف تنظیموں نے اپنے اپنے پروگرام مرتب کئے ہوئے ہیں جو یکے بعد دیگرے منعقد ہوتے رہیں گے ۔23 مارچ کے حوالے سے پرچم کشائی کی ایک پروقار مگر سادہ تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ کے احاطہ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانیوں کے علاوہ قونصلیٹ سے وابستہ اہلکاروں اور پی ٹی وی سمیت پاکستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز محمد صدیق کی خوش الحانی سے پڑھی گئی قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا پھر قومی ترانہ بجایا گیا اس کے بعد ندیم احمد قونصل جنرل نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے جن میں آج کے دن کی نہ صرف اہمیت بیان کی گئی تھی بلکہ من حیث القوم اجتماعی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلائی گئی تھی اور جمہوریت کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں وجود میں آیا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے اس لئے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور برداشت پروان چڑھے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آج ہم کو اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم تر ملک بنائیں۔شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے ماضی پر گہری نظر ڈالتے ہوئے اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کے لئے غور و فکر کرنا ہوگا،اپنی کامرانیوں کے ساتھ ساتھ اپنی کو تاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔ہمارا ملک ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا اب اس کی بقاء،سلامتی،یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں پوشیدہ ہے۔آئین کی سربلندی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہو سکتے۔وزیراعظم کا پیغام بھی قونصل جنرل ندیم احمد نے پڑھ کر سنایا۔اختتام پر اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں وطن عزیز کے استحکام، سلامتی، خوشحالی کے لئے دعا مانگی گئیں۔تقریب کے دوران شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور پاکستانی نیوز چینلز نے قونصل جنرل ندیم احمد کے انٹرویوز بھی لئے۔ تقریب میں شامل تمام پاکستانی مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button