انٹرنیشنل
پاکستان کے ساتھ مفاہمت کیلئے تیار ہیں: اشرف غنی
کابل(آئی این پی )افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ امن اور مصالحت کیلئے مخصوص اہداف اور اقدامات پر مشتمل ایک مناسب روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت ہے، افغان حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون کیلئے تیار ہے، علاقائی ممالک کے تعلقات مثبت اور دیرپا ہونے چاہئیں۔ اشرف غنی نے یہ بات پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال ،امن و استحکام اور کابل اور اسلام آباد کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہاکہ جنوبی ایشیا کیلئے نئی امریکی حکمت عملی کے بعد دستیاب مواقعوں سے مناسب طریقے سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ انھوںنے کہاکہ افغانستان اور خطے میں سلامتی کیلئے ہر سطح پر جامع مذاکرات کی ضرورت ہے۔