پاکستان کی عزت بچانے کیلئے کردار ادا کرنا ہے،ملکی وقارکسی بھی شخص سے زیادہ عزیز ہے: چیف جسٹس
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ پاکستان کی عزت بچانے کیلئے کردار ادا کرنا ہے ملک کا وقار بہت بڑی چیز ہے ہمیں ملکی وقارکسی بھی شخص سے زیادہ عزیز ہے۔
ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈی ایف آئی سے استفسار کیا کہ کیس میں ملوث ملزمان کے نام دیں انہیں ای سی ایل میں ڈالیں گے اگر ان کےخلاف مقدمات بنتے ہیں تو کیسز چلیں گے اور متعلقہ عدالتیں ایک سے ڈیڑھ ماہ میں کیس نمٹائیں گی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو ایگزیکٹ کے جعلی ڈگریوں کی فروخت کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مختلف جامعات کی ویب سائٹس بنائیں گئیں اور ان پر مختلف افراد کی تصاویر لگائی گئیں جبکہ ویب سائٹ پر امریکہ کا نمبر دیا گیا۔ ڈگری کے خواہشمند امریکی اکاؤنٹ میں رقم بھجواتے تھے جس کے بعد امریکہ سے رقم پاکستان منتقل ہوجاتی تھی پھر یہاں سے دبئی کے راستے ڈگری امریکابھیجی جاتی تھی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب امریکہ وبرطانیہ کے اخبارات نے دوبارہ خبریں شروع کی ہیں ان مقدمات کاکیا بناجو ایگزیکٹ کےخلاف بنائے گئے؟۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے خلاف 4 مقدمات بنائے جبکہ 2 میں اسلام آباد سے ضمانت ہوئی، ایک جج پر پیسے لینے کا الزام بھی لگا، ضمانت کےخلاف ہم نے ہائیکورٹ میں اپیلیں دائرکیں۔ عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں رجسٹرار ہائیکورٹ کو اسلام آبادطلب کرلیا جبکہ شعیب شیخ سمیت تمام ملزمان کو بھی طلب کرلیا گیا۔