پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے ،کور کمانڈ کانفرنس میں آرمی چیف نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لے لیا
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے ، پاک فوج کی جانب سے بالواسطہ یا بلاواسطہ ہر خطرات کا بھر پور جواب دیا جائے گا ،خطے میں ہونے والے واقعات کے پاکستان کی سیکیورٹی پر اثرات کو دیکھ رہے ہیں
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف نے پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ہونے والے واقعات کے پاکستان کی سیکیورٹی پر اثرات کو دیکھ رہے ہیں ،مکمل طور پر باخبر ہیں اور خطے کی تازہ صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں ۔اجلاس میں تازہ ترین صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا جس میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے حوالے سے غور کیا گیا ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملکی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف نا پاک عزائم کا بھر پور جواب دیں گے ۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اور آپریشن ضرب عضب پر اطمنان کا اظہار کیا ۔اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم او نے بھی خطے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی ۔