پاکستان نئے دور میں داخل ہو چکا, ہر مشکل میں شانہ بشانہ ہونگے, چینی نائب, وزیر اعظم
اسلام آباد (نیوز وی او سی) چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ نے کہا ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستان کے جرأت مند اور بہادر عوام نے اپنی قومی خود مختاری ، آزادی اور علاقائی سالمیت کا بیرونی مداخلت ، بالا دستی اور پاور پالیٹکس کیخلاف زبردست دفاع کیا ہے ، اب یہ ملک ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جس کا بنیادی ڈھانچا بہتر ہے ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور اس نے جامع قومی طاقت میں نمایاں اضافہ کر لیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کنونشن سینٹر میں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کسی چینی رہنما کا پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کا یہ پہلا موقع ہے اور پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد دنیا کے لیے ایک پیغام بھی۔ انہوں نے 70 ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہونگے ، ان کی یہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اترے گی اور نسل درنسل قائم رہے گی، ہماری دوستی پہاڑوں سے بلند ، فولاد سے زیادہ مضبوط ، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے ۔ انہوں نے علاقے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امن پسندانہ کردار کی تعریف کی اور دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ۔وانگ یانگ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی منظر نامے میں پاکستان بنیادی کردار کا حامل ملک ہے اور چین بھی پاکستان کو بیلٹ وروڈ منصوبے کی ترقی میں بنیادی کردار کا حامل تصور کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ضرورت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کی ہے اور یہ جذبہ مستقبل میں بھی برقرار رہے گا ، ہم اس بات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے کہ سچوان میں زلزلے سے جو تباہی ہوئی پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھیجا ۔ وانگ یانگ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر کو مقررہ مدت میں آگے بڑھائے گا اور سی پیک کے روٹ پر منصوبے پاکستانی عوام کو نظر آنیوالے فوائد پہنچائیں گے ۔ انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے خطے میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی اور ان سے دو طرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے ۔ صدر مملکت نے پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں اعلیٰ ترین سطح پرچین کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے پُر خلوص رشتے کا اندازہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دکھ اور سکھ کے ہر موقع پر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں جو دنیا کے لیے مثال ہے ۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام اہم امور میں چین کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے چینی سرزمین پر بھارتی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر چین نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا ۔






