پاکستان سپر لیگ کی اختتامی تقریب کی جھلک
پاکستان سپر لیگ کی اختتامی تقریب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگئی ہے جس میں نامور فنکار اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں۔
پاکستان سپرلیگ ٹو کی اختتامی تقریب کا آغاز پیرا ٹروپرزکے اسٹیڈیم میں اترنے کے شاندار مظاہرے سے ہوا جبکہ پیرا ٹروپرز نے پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے ولی دونوں ٹیموں کے فلیگز تھامے ہوئے تھے، اختتامی تقریب میں شہدا کو سلام اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کی میزبانی کے فرائض عائشہ عمر اور احمد بٹ سرانجام دے رہے ہیں، قذافی اسٹیڈیم میں شائقین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل فائنل کاٹاس ساڑھے سات بجے اور میچ رات آٹھ بجے شروع ہوگا، فائنل کا لائیو ایکشن صرف جیو سوپر پر براہ راست دیکھا جاسکتا ہے جبکہ برطانیہ کے ناظرین یہ میچ جیو ٹی وی اسکائی چینل 807 پر لائیو دیکھ سکیں گے۔
سیٹیاں بجنے اور کھیل جمنے کا انتظار ختم، برسوں بعدپاکستان میں لوٹنے والی کرکٹ کو خوش آمدید کہنے کے لئے شائقین قذافی اسٹیڈیم کی جانب اُمڈ آئے، پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ ہولڈرز کا قذافی اسٹیڈیم پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، 30 ہزار دیوانے اسٹیڈیم میں مزا اُٹھائیں گے، کروڑوں شائقین اسکرینوں پر نظریں جمائیں گے، مختلف شہروں میں بڑی اسکرینوں پر فائنل دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔