پاکستان اپنے وعدوں کو پورا نہیں کررہا، وائٹ ہاؤس
واشنگٹن: امریکا نے پاکستان پر ایک اور الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرسکتا ہے لیکن پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے نئے سال کی پہلی پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کو امریکا سے کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے، ہم جانتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید اقدامات کرسکتا ہے لیکن پاکستان اپنے وعدوں کوپورا نہیں کررہا۔
سارہ سینڈرز نے کہا کہ پاکستان کی امداد پر تمام آپشن کھلے ہیں اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ فیصلہ کریں گے امداد جاری کی جائے یا نہیں۔
یاد رہے کہ آج ہی وائٹ ہاؤس نے پاکستان کی 255 ملین ڈالر فوجی امداد بحال کرنے کا امکان مسترد کردیا ہے، امریکی قومی سلامتی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فوجی امداد جاری نہیں کی جائے گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے ہاں موجود دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، جس کی روشنی میں ہی دونوں ممالک کے تعلقات بشمول فوجی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور امریکا نے بھی پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔