پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں- خرم دستگیر خان
اسلام آباد. ۔30مئی2017ء
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں، آسٹریلیاکا تعاون قابل ستائش ، ایگرو پروسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کے لئے مثالی نمونہ ہے، پاکستان کی تجارت کو 21ویںصدی میں لے جانے کیلئے آسٹریلوی تعاون ناگزیر ہے
وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی آسڑیلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن سے ملاقات کے دوران گفتگو
وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں، آسٹریلیا کا پاکستان کے ساتھ خصوصاً تحقیق کے شعبہ میں وزارت تجارت کے ساتھ تعاون قابل ستائش ہے، آسٹریلیا ایگرو پروسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کے لئے رول ماڈل ہے اور پاکستان کی تجارت کو 21ویںصدی میں لے جانے کے لئے آسٹریلوی تعاون ناگزیر ہے ۔
منگل کو وہ آسڑیلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ آسٹریلیوی خاتون ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن نے استعداد سازی کے لئے پاکستان کو مختلف شعبوں میں تربیت کی فراہمی کی تجویز پیش کی اور بتایا کہ آسٹریلیا چند ہفتوں میں پاکستان کو فائیٹو سینٹری کے مختلف پہلوئوں بارے پلانٹ پر وسیسنگ کی تربیت فراہم کرے گا۔
ہائی کمشنر نے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ آئندہ مہینوں میں آسٹریلیا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ متوقع ہے جس سے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو طرفہ تعلقات میں تیزی آئے گی ۔ایک اور ملا قات کے دوران بھارت کے لئے پاکسان کے نئے مقرر ہونیوالے ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزیر تجارت کو پاکستان اور بھارت کے مابین تجارتی تعلقات کے پس منظر بارے بتایا۔ وزیر تجارت نے ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی علاقائی سرحدوں کا دفاع کریں اور قومی مفاد کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں ہونا چاہئیے