پاکستانی فنکاروں کی حمایت پر سلمان خان کوشیوسینا کی دھمکیوں کا سامنا
ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی جانب سےانڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے کے خلاف بیان دینے پر ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا دھمکیوں پر اتر آئی ہے
گزشتہ روز انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر پابندی عائد کردی گئی تھی جب کہ اس فیصلے کے بعد سلمان خان نے ایک تقریب میں ایسوسی ایشن کے فیصلے پر تنقید کی تھی اورپاکستانی فنکاروں اور دہشت گردوں میں فرق کرنے پر زور دیا تھا لیکن اب ہندو انتہا پسند جماعت دبنگ خان کے خلاف میدان میں آگئی ہے
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت پر سلمان خان کو شدید نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہےکہ سلمان خان نے دہشت گردی کے باوجود پاکستان کے خلاف کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی ہے بلکہ ان کے فنکاروں کی حمایت کررہے ہیں لہٰذا انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ وقت پاکستانیوں کی حمایت کا نہیں ہے۔ شیوسینا کا کہنا ہےکہ سلمان خان اداکار ہیں جن کی ہم سب عزت کرتے ہیں لیکن اپنے کام سے کام رکھیں اور پاکستانی فنکاروں کی حمایت سے باز آجائیں۔