پاکستان، چین اور روس کا افغانستان میں قیام امن کیلئے تعاون جاری رکھنے پراتفاق
پاکستان، روس اور چین نے افغانستان میں قیام امن کے عمل کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں افغانستان کے حوالے سے ہونے والے سہ فریقی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں چین، پاکستان اور روس نے افغانستان میں مسلح مخالفین کو پرامن زندگی میں شامل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشاورت کے اس عمل کو وسعت دینے کی ضرورت ہے اور اگر اس میں افغانستان شامل ہوتا ہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک کے نمائندوں نے افغانستان میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر وہاں شدت پسند تنظیم داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب روسی فیڈریشن اور عوامی جمہوریہ چین نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے افغانستان اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات شروع کرانے کے لیے کوششیں کرنے والوں کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست سے نکلوانے کے لیے لچکدار رویے کی بھی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز اس اجلاس سے قبل افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روس، پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کا حقیقی طور پر کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس ملاقات میں شرکت کے لیے افغانستان کے نمائندے کو مدعو ہی نہیں کیا گیا۔