ایڈیٹرکاانتخاب

پانچ دہائیوں تک ملک کی خدمت کی, الزامات بے بنیاد ہیں, مسترد کرتا ہوں, طارق فاطمی –

ڈان لیکس انکوائری رپورٹ میں الزامات قبول نہیں ، تحقیقات میں حکومت ، اداروں سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہوں
سفارتی ذمہ داریوں کے دوران انتہائی حساس معاملات سے باخبر رہا مگر معلومات کو خفیہ رکھا ، وزارت خارجہ کے افسروں کو خط اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ میں خود پر لگائے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے اوپرلگنے والے الزامات کی تحقیقات میں حکومت اور اداروں سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیارہیں ۔ منگل کو وزارت خارجہ کے افسروں اور بیرون ممالک پاکستانی سفارتی مشنوں کے نام اپنے الوداعی خط میں سید طارق فاطمی نے کہا انہوں نے 50 سال تک ملک کی خدمت کی ہے لیکن اس کے باوجود ان پر الزامات لگانا تکلیف دہ امر ہے ۔ طارق فاطمی نے کہا ان سالوں میں انہیں قومی سلامتی کے معاملات سے جڑے کئی حساس معاملات کو دیکھنا پڑا جن میں بہت اہم معلومات سے آگاہی بھی شامل تھی۔انہوں نے اپنے ساتھ تعاون کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ملک کو لاحق مختلف چیلنجز کے باوجود قومی مفاد کی بہتری اور تحفظ کے لئے حاصل کی گئی کامیابیوں کو بعض اوقات گھر پر اچھی طرح سمجھ کر سراہا نہیں جاتا تاہم بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی تعظیم اپنے کام سے محبت اور ذاتی سالمیت کی گواہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا فارن سروس سے ان کا تعلق باقی رہے گا اور کسی بھی قسم کے تعاون کے لیے وہ ہمیشہ موجود رہیں گے ۔ انہوں نے کہا انہیں ممتاز سفارت کاروں کے ماتحت کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا جنہوں نے ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا ۔دریں اثنا دفتر خارجہ میں سابق معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی کے اعزاز میں منگل کو الوداعی تقریب ہوئی ۔ذرائع کے مطابق تقریب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق تقریب سے طارق فاطمی نے جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے بطور سفارت کار اعلیٰ ذمہ داریاں سر انجام دی ہیں ان سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں وہ انتہائی حساس معاملات سے بھی باخبر رہے ۔ انہوں نے کہا اس وقت بھی حساس معلومات کو خفیہ رکھا اب بھی الزامات غلط ہیں۔ انہوں نے کہا ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں تاہم وہ انکوائری کمیشن سے بھرپور تعاون کریں گے ۔ انہوں نے بھرپور تعاون اور حمایت پر دفتر خارجہ کے افسروں کا شکریہ ادا کیا۔ طارق فاطمی کو جون 2013 میں وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے خارجہ امور تعینات کیا گیا تھا۔ وہ ماضی میں امریکہ، اردن، بیلجیئم، لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔ 2004 میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button