ایڈیٹرکاانتخاب

پاناما کیس لگتا نہیں شریفوں کے خلاف فیصلہ آئے، بلاول بھٹو زرداری

ٹنڈو محمد خان: (نیوز ویناو سی آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے زیادہ پر اُمید نہیں کیونکہ اب تک عدالتوں سے شریف خاندان کے خلاف فیصلے نہیں آئے.
ٹنڈو محمد خان میں دریائے سندھ پر آغا خان ملا کاتیار پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان میں عوام تکلیف میں ہیں، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ پاکستان کے عوام کو تکلیف سے نکالیں، ہم صوبے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینا چاہتے ہیں، سندھ کے شہروں کو آپس میں جوڑنا چاہتے ہیں، اس لئے ہم عوام کے لیے انفرا اسٹرکچر پر توجہ دے رہے ہیں، سڑکوں کی تعمیر اور رابطوں سے روزگار بڑھے گا۔ ہم نے دریائے سندھ پر سب سے بڑا پل تعمیر کیا ہے،جس پر وزیراعلیٰ سندھ کومبارک بادپیش کرتا ہوں۔
چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پارٹی پیچھے جارہی ہے، ہم پارٹی کی تنظیم نو پر توجہ دے رہےہیں، انشا اللہ پیپلز پارٹی اگلا الیکشن جیتے گی۔ پارلیمانی سیاست میں آمد کے لیے پاناما کیس پر فیصلے کا انتظار ہے، پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سیاسی حکمت عملی سامنے لائیں گے لیکن وہ پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے زیادہ پر اُمید نہیں کیونکہ اب تک عدالتوں سے شریف خاندان کے خلاف فیصلے نہیں آئے۔
آپریشن ضرب الفساد کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبہ سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان پرعمل کیے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے، دہشت گردی کے خلاف ہماری پہلی دفاعی لائن ہماری تاریخ، ثقافت اور صوفی ازم ہے، پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام سےمتعلق 4مارچ کو اے پی سی بلا رکھی ہے۔
عرفان اللہ مروت کی پارٹی میں شمولیت سے متعلق بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے ، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں،عرفان اللہ مروت کی صرف ایک ملاقات ہوئی ہے، ان کی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button