پاناما عمل درآمد کیس کی سماعت ،تحقیقات 60روز کی مقررہ مدت میں ختم کرنی ہے ،سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو ہدایت ،کوئی محکمہ تعاون نہ کر ے تو ہمیں بتائیں ،جسٹس عظمت سعید
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن )سپریم کورٹ میں پاناما عمل در آمد کیس کی سماعت ہوئی جس میں جے آئی ٹی نے 15روز کی کارروائی سے متعلق عدالت میں پیشرفت رپورٹ پیش کردی ۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو ہدایت کی ہے کہ تحقیقات 60روز کی مقررہ مدت میں مکمل کرنی ہے .میڈ یا رپوررٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کی جانب سے پہلی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی ۔تین رکنی بینچ کے روبرو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی پہلی عبوری رپورٹ پیش کی۔ تین رکنی عدالتی بینچ جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیاجس کے بعد جسٹس عظمت سعید نے واجد ضیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غیر مطمئن نہیں ،آپ درست سمت میں جا رہے ہیں ،ہمیں آپ اور آپ کی ٹیم پر اعتماد ہے ۔انہوں نے واجد ضیا سے کہا کہ اگر کوئی محکمہ کارروائی میں رکاوٹ ڈالے یا تعاون نہ کرے تو ہمیں بتائیں ۔اس موقع پر جسٹس اعجاز افضل نے ہدایت کی کہ کارروائی 60روز کی مقررہ مدت میں مکمل کرنی ہے ،یہ عدالتی فیصلہ ہے ۔اس دوران تحریک انصاف نے جے آئی ٹی کی رپورٹ سے متعلق رسائی مانگی جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کی رپورٹ شیئر کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے تاکہ قوم کو انصاف مل سکے جبکہ رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کیس میں شفافیت لانے کیلئے وہ عدالت سے سماعت کو اوپن کرنے کا مطالبہ کریں گے۔