پاناماکیس؛ سپریم کورٹ کو جے آئی ٹی کیلیے متعلقہ اداروں کے افسران کے نام موصول
اسلام آباد: پاناما کیس میں جے آئی ٹی کے لیے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کو تمام متعلقہ اداروں کے افسران کے نام موصول ہوگئے جس کے بعد اب پاناما کیس کا بینچ ناموں کا جائزہ لینے کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی منظوری دے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کی مزید تفتیش کے لیے متعلقہ محکموں سے جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے افسران کے نام مانگے گئے تھے جس کے لیے رجسٹرارآفس کو تمام متعلقہ اداروں سے نام موصول ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق افسروں کے نام منظوری کے لیے پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے ججز کو پیش کیے جائیں گے اور بینچ ناموں کا جائزہ لینے کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی منظوری دے گا تاہم ججز اگر کسی نام پر مطمئن نہ ہوئے تو نئے افسر کا نام طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا جو 60 روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔