پارٹی نے تنظیمی بحران کا حل نکال لیا، جلد اعلان کروں گا: فاروق ستار
کراچی(نیوز وی او سی آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مہاجروں کے مسائل اور حل کے لیے مہاجروں کا اتحاد ضروری ہے، پارٹی نے تنظیمی بحران کا حل نکال لیا ہے جلد اعلان کروں گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مہاجر اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ کرچکا ہوں، ایک دو روز میں وفد سیاسی جماعتوں، دانشوروں سے ملاقات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مہاجر اتحاد سے سندھ کے مظلوم بھائیوں سے مل کر جائز حق حاصل کریں گے، ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان مہاجر یکجہتی کے لیے سب سے بات کرے گی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا ہر کارکن کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی تنظیمیں بھارتی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ تنظیم میں بحران کو حل کرنے کے لیے اپنا سیاسی تجربہ استعمال کررہا ہوں، میری انا کا مسئلہ نہیں ہے یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، فیصلے کے بعد اب کنوینر میں اور پارٹی میرے نام سے رجسٹرڈ ہے، الیکشن کمیشن کو اب میرا نام ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کرنا چاہئے۔
خیال رہے کورٹ کا فیصلہ آنے کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فاروق ستار کانام پارٹی کنوئیر کے نام سے اپ ڈیٹ نہیں کیا۔