کھیل

ٹیسٹ میچز سے قبل نئے ہتھیاروں کی آج پہلی آزمائش

کینٹربری: ٹیسٹ میچز سے قبل نئے پاکستانی ہتھیاروں کی پہلی آزمائش آج ہوگی۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے قبل از وقت انگلینڈ پہنچنے والے پاکستانی اسکواڈ نے مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے مسلسل 3روز تک پریکٹس سیشنز کیے ہیں،تیاریوں کی جانچ کا پہلا موقع کینٹ کیخلاف 4روزہ ٹور میچ ہوگا،ہفتے کو کینٹربری میں شروع ہونے والے مقابلے میں مہمان کرکٹرز فارم اور فٹنس کی آزمائش کریںگے۔
دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پلیئنگ الیون کے بارے میں ہوم ورک مکمل کریگی،پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد کو 4اوپنرز اظہر علی،سمیع اسلم، امام الحق اور فخرزمان کی خدمات میسر ہیں۔مڈل آرڈر میں اسد شفیق کا بیٹنگ نمبر4کے بجائے ٹاپ میں کرنے کاآپشن زیر غور ہے،بابر اعظم، حارث سہیل،سعد علی اور عثمان صلاح الدین بھی موجود ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف اور پیسرز محمد عامر،حسن علی،راحت علی،محمد عباس اور اسپنر شاداب خان میں سے بولنگ کمبی نیشن بنانا ہو گا۔
کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ وارم اپ مقابلے کو ٹیسٹ میچ سمجھ کر کھیلیں گے،طویل فارمیٹ کے مقابلوں کی تیاری کیلیے 4 روزہ میچ بہترین موقع فراہم کرتے ہیں،کینٹ کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی جذبے کیساتھ کھیلنا ہوگا جو انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے درکار ہوتا ہے، پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عروج کی طرف گامزن ہونے کیلیے بے تاب ہے،انگلینڈ کا دورہ اس سفر میں ایک اہم سنگ میل کا درجہ رکھتا ہے۔
ممکنہ ٹیم کے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کوآزماتے ہوئے انھیں ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع دیں گے۔دوسری جانب پاکستان کے بیشتر ٹورز میں وارم اپ میچز کیلیے دستیاب ہونے والی کینٹ کی ٹیم12ویں باہمی مقابلے کیلیے تیار ہے، قیادت جارح مزاج جوئے ڈینلی کررہے ہیں۔ 31سالہ بیٹسمین پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں،مکی آرتھر کی کوچنگ میں کھیلنے والی فرنچائز ٹیم میں ان کے ساتھی بابر اعظم اور محمد عامر ٹور میچ میں مہمان سائیڈ کا حصہ ہونگے،الیکس بلیک،کیلم ہیگٹ،اڈم رلی کوبھی طلب کیا گیا ہے،اہم کھلاڑی مچل کلیڈیون،گرانٹ اسٹیورڈاور جیمز ٹریڈویل انجری کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔ٹیم میں جوئے ڈینلی،ڈینیئل بیل ڈرمونڈ،سین ڈکسن،زاک کراؤلی، الیکس بلیک،ول گڈمین،ایڈم راؤز،کیلم ہیگٹ،ہیری پیڈمور،ایڈم رلی اور ایوان تھامس شامل ہیں۔کپتان جوئے ڈینلی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف میچ نہ صرف میرے بلکہ پوری کینٹ ٹیم کیلیے بھی ایک بڑا موقع ہے، انٹرنیشنل معیار کی بولنگ لائن اپ کے سامنے بہتر کارکردگی آئندہ کیریئر کیلیے اچھی بنیاد ثابت ہوگی،مضبوط ٹیم کیخلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔جوئے ڈینلی نے کہا کہ خطرناک بولنگ اٹیک کے سامنے بیٹسمینوں کو ہر گیند میرٹ پر کھیلنا ہوگی، بابر اعظم اور محمد عامر کے ساتھ پی ایس ایل میں کھیلنے اور3ففٹیز بنانے کا تجربہ خوشگوار تھا،اب ان کے مقابل کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔یاد رہے کہ کینٹ ٹیم نے پاکستان کیخلاف واحد کامیابی1983 میں حاصل کی تھی، ایلن اگلیسڈن نے 5اور الیڈائن بیپسٹ نے3وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان بیٹنگ لائن کو تباہ کیا تھا،میزبان نے اننگز اور 152رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button