ٹوئٹر کا لائیو نیوز چینل شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور(ویب ڈیسک)سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر پہلا براہ راست نیوز ٹی وی چینل شروع کرنے کے لیے شراکت دار ڈھونڈ لیا اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے بلوم برگ سے معاہدہ متوقع ہے۔
امریکی جریدے وال سٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر اور بلوم برگ جلد اس ممکنہ اقدام کا باضابطہ اعلان کریں گے ، یہ 24گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن خبریں نشر کرے گا تاہم اس چینل کا نام اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔البتہ امید کی جارہی ہے کہ یہ چینل رواں سال موسم خزاں میں اپنی نشریات شروع کردے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسے نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کا مقصد لوگوں کا نیوز نیٹ ورک بننا ہے۔ٹوئٹر پہلے ہی موبائل ایپ کی مدد سے نیوز اور کھیلوں کی دنیا میں داخل ہو چکا ہے جو میڈیا کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔
اکثر ٹوئٹر کے صارفین جو واقعہ ٹی وی پر دیکھتے ہیں اسے ٹوئٹر پر شیئر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر ٹی وی چینل کی سہولیات ٹوئٹر پر ہی موجود ہوں گی تو اسے شیئر کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔اس معاہدے کے بعد بلوم برگ ٹوئٹر ٹیلی ویژن کے لیے خاص طور پر خبریں تیار کرے گا اور ٹوئٹر کو فراہم کرے گا۔