ایڈیٹرکاانتخاب

ٹرمپ کے ٹویٹ سے پاکستانی عوام کو شدید تکلیف پہنچی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیےپاکستان افغانستان اور امریکا کومل کر کام کرنا ہوگا:بلاول

کراچی(نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئے سال پر امریکی صدرکے ٹویٹ سے پاکستان کی عوام خصوصاً جن کے پیاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں کھوئیں، کو شدید تکلیف پہنچی ہے،کہ اگر پوری نیٹو فورسز اور افغان حکومت مل کر افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کرسکتے تو پاکستان سے ایسا اکیلے کرنے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟ دہشت گردی کے خاتمے کے لیےپاکستان افغانستان اور امریکا کومل کر کام کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار امریکی میڈیا فوکس بزنس کے پروگرام ‘آفٹر دی بیل’ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔یاد رہے کہ نئے سال کے آغاز میں امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ”امریکا نے پاکستان کو 15 سال میں 33 ارب ڈالر سے زائد امداد دے کر بے وقوفی کی، پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ وہ ہمارے رہنماو¿ں کو بیوقوف سمجھتا ہے“ امریکی صدر کی اس ٹیویٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کوئی ایسی نیت ہوگی پر ان کے اس ٹویٹ نے پاکستانی عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی، امریکی صدر نے اپنے بیان میں 33 ارب ڈالر کے امداد کی بات کی تاہم امداد پر امریکی عوام، امریکا کے ٹیکس دہندگان اور امریکی حکومت کا سوال کرنا ان کا حق ہے تاہم انہوں نے یاد دلایا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ جس کے تحت امریکا نے 33 ارب ڈالر پاکستان کو دیے یہ پاکستان کی جانب سے شدت پسندی کے خلاف لڑنے کا معاوضہ تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کو طالبان کی حمایت کرنے کے الزامات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں 75 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے جبکہ افغانستان میں دہشت گرد اب بھی 75 فیصد حصوں میں سرگرم ہیں اور افغانستان کی 45 فیصد زمین حکومت کے قبضے میں ہی نہیں ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر پوری نیٹو فورسز اور افغان حکومت مل کر افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کرسکتے تو پاکستان سے ایسا اکیلے کرنے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے امریکیوں سے زیادہ پاکستانیوں کی جانیں لیں ہیں اور ہم پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے خلاف کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہیں ماضی کی یاد دلائی اور کہا کہ امریکی حکومت نے افغان جنگ میں طالبان اور مجاہدین کی حمایت کی تھی اور پاکستان حکومت کو بھی ان کی حمایت کا کہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ بینظیر بھٹو نے امریکا کے سابق صدر جارج بش کو افغانستان معاملے میں خبردار کیا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ماضی کو نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ مستقبل کا سوچتے ہیں، پاکستان افغانستان اور امریکا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button