ٹرمپ کا ایک سال مکمل، مختلف شہروں میں احتجاج
ٹرمپ کا عہدہ سنبھالنے کا سال مکمل ہونے اور خواتین سے مبینہ دست درازی کےخلاف امریکا کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوا۔ واشنگٹن ،نیو یارک ، شکاگو اور لاس اینجلس سمیت کئی شہروں میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ اور ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے۔
ٹرمپ کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ رکنے کو ہی نہیں آتا، گزشتہ روز بھی امریکا کے مختلف شہروں میں لاکھوں لوگ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسخرے کو منتخب کیا ہے تو سرکس کی توقع تو رکھنی ہی ہوگی۔
امریکی صدر ٹرمپ اپنے اقتدار کی سالگرہ ہی کیوں نہ منا رہے ہوں مگر ان کے عوام نے اس دن کو یوم احتجاج بنا دیا، واشنگٹن، نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس سمیت ملک گیر احتجاج کے دوران لاکھوں لوگوں خصوصاً خواتین نے امریکی صدر کے خلاف نعرے لگائے، اس دوران لوگوں نے گلابی کیپس بھی پہنی ہوئی تھیں ، جو ماضی میں خواتین کے ساتھ ان کی مبینہ دست درازیوں کے خلاف احتجاج کا اظہار تھیں۔
ٹرمپ کی کابینہ پر طنز کرتے ہوئے ایک شہری نے کہا کہ اس سے اچھی کیبنٹس تو میں نے دکانوں پر بکتی ہوئی دیکھی ہیں۔ کئی امریکیوں نے اسے جمہوریت کی تباہی قرار دیا ہے-