ٹرمپ نامعقول,فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کے فیصلے پر قائم ہیں,شمالی کوریا حملے کا فوری جواب دینگے,جنوبی کوریا

سیول،واشنگٹن (نیوز وی او سی’ اے ایف پی ،نیوز ایجنسیاں) شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نامعقول شخص قرار دیکر بحر الکاہل میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کے منصوبے پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ امریکی جزیرے گوام کو ہدف بنانے کے فیصلے پر قائم ہیں اور اس جزیرے کو نشانہ بنانے کا مقصد واشنگٹن کو خبردار کرنا ہے کیونکہ ایک مکمل طاقت ہی امریکی صدر پر اثر انداز ہو سکتی ہے ۔امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کے کمانڈر جنرل کم راک گیوم کا کہنا تھا کہ اس نامعقول شخص کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شمالی کوریا امریکی جزیرے کو نشانہ بنانے کے لیے رواں ماہ ہی منصوبہ تیار کرلے گا جسے نظر ثانی کے لیے سپریم کمانڈر کو پیش کر دیا جائے گا۔جنوبی کوریا کی سیول یونیورسٹی کے پروفیسر یانگ موجن نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ شمالی کوریا کا دعویٰ ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا منصوبہ تیار کر رہا ہے لہٰذا اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ شمالی کوریا اپنے اس منصوبے کو حقیقی شکل دیدے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ شمالی کوریا کی امریکی جزیرے گوام کی جانب جارحیت امریکا کو ایک کشمکش میں ڈال دے گی۔ادھر جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی عسکری مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا۔دریں اثنا امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کرنے سے گریز کرے جو اسے اس کی حکومت کے خاتمے اور عوام کی تباہی کی جانب لے جائیں ۔انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کا امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف جنگ میں کوئی مماثلت نہیں۔