ُپنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا
مئی 8، 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس اف کینیڈا)
لاہور: پنجاب حکومت نے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا، چھٹیاں بڑھتی گرمی کے باعث جلدی دی جارہی ہے، جسے نجی تعلیمی اداروں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 23 مئی سے چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 23 مئی سے گرمیوں کی چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، گرمی کی چھٹیاں جلد دینے کی وجہ شدید گرمی اور رمضان المبارک کی آمد ہے۔
نجی تعلیمی اداروں نے 23 مئی سے چھٹیاں دینے سے انکار کردیا ہے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر چودھری واحد کا کہنا ہے کہ وہ اس پر عمل کرنے سے قاصر ہیں۔ بیشتر ادارے امتحانات کا شیڈول جاری کر چکے ہیں، 30 مئی سے چھٹیاں دینگے۔
نجی تعلیمی اداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں چھٹیوں میں سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود سمر کیمپ لگانے سے منع کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیاں جون کے پہلے ہفتے میں دی جاتی ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کا اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
یاد رہے اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، سندھ بھر میں اسکولوں اور کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔