ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلہ آج کو ہوگا،
ڈربی: ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلہ اتوار کو ہوگا،گرین شرٹس مردوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مضبوط حریف کو اپ سیٹ شکست دینے کی خواہاں ہے،ان فارم اوپنرز اور اسپنرز سے عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ کر لی گئیں۔
آل راؤنڈر اسماویہ اقبال نے کہاکہ گزشتہ میچز میں غلطیوں سے سبق سیکھا ہے،ایونٹ میں پہلی فتح پانے کیلیے بے تاب ہیں،فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔کوچ صبیح اظہر نے کہاکہ ٹیم میں کسی بھی حریف کو مات دینے کی صلاحیت موجود ہے، پلیئرز کامیابی کیلیے پُرجوش ہیں۔ بھارتی کپتان متھالی راج نے کہاکہ پاکستان کیخلاف میچ کو آسان سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، ہم تمام ہتھیاروں سے لیس ہیں،بولرز ہر طرح کی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کیلیے تیار اور اوپنر سمرتی مندھانا زندگی کی بہترین فارم میں ہیں، ٹیم فتوحات کا سفر جاری رکھے گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پہلی فتح کی متلاشی پاکستانی ٹیم کا اتوار کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔
ثنا میر کی زیرقیادت گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ سے سنسنی خیز مقابلے میں3 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، دوسرے میچ میں انگلینڈ نے بولرز کی بھرپور پٹائی کرتے ہوئے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر107 رنز سے مات دی،پروٹیز کیخلاف پاکستانی ٹیم کیلیے مثبت پہلو اوپنر ناہیدہ خان کی79 رنز کی اننگز رہی، انگلینڈ کیخلاف دوسری اوپنر عائشہ ظفر نے نصف سنچری بنائی لیکن رنز کا پہاڑ سر کرنا ممکن نہیں تھا، دوسری جانب بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے،انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو ویسٹ انڈیز کو عمدہ اسپن بولنگ کی بدولت دھرا،پاکستان ویمنز ٹیم اب تک 9باہمی ون ڈے میچز میں ایک بار بھی بھارت کیخلاف سرخرونہیں ہوسکی لیکن گزشتہ سال ورلڈ ٹوئنٹی20میں روایتی حریف کو اسی کی سرزمین پر2رنز سے شکست دی تھی۔آل راؤنڈر اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت سے ہر میچ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے۔
ہماری ٹیم نے گزشتہ 2 میچز میں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ لیا، اس بار اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی فتح پانے کیلیے بے تاب ہیں،انھوں نے کہا کہ اوپنرز کی اچھی فارم خوش آئند ہے،عائشہ ظفر سے ایک بار پھر بہتر آغاز کی امیدیں ہیں،انگلینڈ کیخلاف پیسرز کی فارم اچھی رہی، ہماری اسپنرز میں بھی اتنی صلاحیت ہے کہ حریف ٹیم کو جلد پویلین بھیج سکیں، البتہ فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی، اگر اس شعبے میں کارکردگی بہتر ہو تو ہم کسی ٹیم کو بھی شکست دے سکتے ہیں، بھارت کیخلاف میچ میں قوم کی توقعات سے آگاہ ہیں۔
دوسری جانب کوچ صبیح اظہر نے ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ کے نمائندے نبیل طاہر کو انٹرویو میں بتایا کہ سیمی فائنل تک رسائی کا ارادہ لے کر انگلینڈ آئے تھے، ابتدائی دونوں مقابلوں میں غلطیاں ہوئیں لیکن ابھی 5میچز باقی ہیں،کوشش کرینگے کہ کھیل میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے بھارت کیخلاف میچ سے فتوحات کا آغاز کریں، انھوں نے کہا کہ بلو شرٹس اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسری جبکہ گرین شرٹس آخری نمبر پر ہیں،اس کے باوجود میچ کے دن بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی کامیاب ہوگی،اسپن بولنگ اورتجربہ کار کپتان ثنا میر سمیت ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ کسی بھی حریف کو مات دے سکیں،پلیئرز پُرجوش اور فتح کیلیے بے تاب ہیں۔
ادھربھارتی کپتان متھالی راج کو بھی اپنی ٹیم کی فیلڈنگ پر تشویش ہے،وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں 2ڈراپ کیچز جیسی غفلت کا مظاہرہ دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف میچ کو آسان لینے کی غلطی نہیں کر سکتے، ہم فتح کیلیے ہر طرح کے ہتھیاروں سے لیس ہیں، ہماری اسپنرز دیپتی شرما،پونم یادو اور ہرمن پریت تمام کنڈیشنز میں عمدہ پرفارم کرسکتی ہیں،واضح رہے کہ بھارتی پیسر جولان گوسوامی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرچکی ہیں،اوپنر سمرتی مندھانا زندگی کی بہترین فارم میں ہیں، کپتان خود بھی مسلسل7ففٹیز کا ریکارڈ بنا چکیں اور فتوحات کا سفر جاری رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں،البتہ مینز ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں شکست کے بعد ایک انجانا خوف بھارتی ویمنز ٹیم کے سر پر بھی سوار ہوگا۔