ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست
بارباڈوس: پاکستان نے 4 ایک روزہ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
کینسگٹن اول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے ہدف 17.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور کامران اکمل کریز پر آئے تو پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا اسکور 25 تک پہنچایا تو شہزاد 13 رنز بنانے کے بعد ہولڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کامران اکمل بھی ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ محمد حفیظ 5 اور بابراعظم 29 رنز بناسکے۔
پانچویں وکٹ پر شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے 20 رنز کی شراکت قائم کی اور 112 رنز کا ہدف 17.1 اوور میں حاصل کیا، شعیب ملک 38 اور سرفراز احمد 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میزبان ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 2، سیموئل بدری اور کارلوس بریتھ ویٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ایون لیوس اورچیڈوک والٹن نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا اور 13 کے مجموعی اسکور پر لیوس 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد سیمیولز 7 ، والٹن 18، کیون پولارڈ 14، رومین پاویل 5، لینڈل سیمنز اور سنیل نارائن ایک ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاداب خان نے 3، عماد وسیم، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم میں کامران اکمل نے 3 سال بعد واپسی کی ہے جب کہ شاداب خان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔