وکلا کا نواز شریف کو استعفیٰ کیلئے ایک ہفتہ کا الٹی میٹم, تحریک کا اعلان

وزیراعظم کے عہدے پررہنے کا جواز نہیں:احسن بھون،نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں:آفتاب باجوہ،چوہدری ذوالفقار لاہور(خبر نگار،دنیا نیوز،این این آئی)پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار اور لاہورہائیکورٹ بار نے نواز شریف سے پھر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ۔وکلا تنظیموں نے استعفیٰ کے لئے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ملک گیر تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا، پہلی ریلی جمعرات کو مال روڈ پر نکالی جائے گی۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین احسن بھون نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے واضح ہوچکا ہے کہ وزیراعظم نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے لہذا اب نواز شریف کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔ سیکرٹری سپریم کورٹ بار آفتاب باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے اس سے قبل کہ سپریم کورٹ نااہل قرار دیدے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے بچوں سمیت مقدمہ میں شامل تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں ۔صدر لاہورہائیکورٹ بار چوہدری ذوالفقار کاکہنا تھا کہ حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے جے آئی ٹی نے میرٹ پر شریف خاندان سے تفتیش کی۔ وزیراعظم کے پاس اب کوئی اخلاقی جواز نہیں بچا سات روز میں مستعفی ہوجائیں ورنہ ملک گیر تحریک چلائی جائے گی ۔اس موقع پر وکلا تنظیموں نے پہلی ریلی جمعرات کو مال روڈ پر نکالنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو احتجاجی ریلی جبکہ15جولائی کو آل پاکستان وکلا نیشنل ایکشن کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔نائب صدر ہائیکورٹ بار راشد لودھی نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جرأت اور بہادری کی مثال قائم کر دی۔سیکرٹری ہائیکورٹ بار عامر سعید راں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعظم اور انکے خاندان نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کروائیں،ان کیخلاف جعلی دستاویزات کابھی مقدمہ درج ہوناچاہیے ۔فنانس سیکرٹری ظہیر بٹ نے بھی خطاب کیا۔