ووٹ کوعزت دو کا مطلب ہے گو عمران گو، نواز شریف
سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کوعزت دو کا مطلب ہے گو عمران گو ، لاڈلے خان نے کام کرنے نہیں دیا ورنہ سو گنا زیادہ کام کرتے۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین کا کوئی ایجنڈا اور کوئی اصول نہیں ہے، جھوٹے خان بتائیں خیبرپختون خوا میں کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی فتح کے لیے نہیں جمہوریت کی فتح کے لیے نکلا ہوں، نواز شریف دوبارہ آئے گا، اسلام آباد والے نااہلی کا فیصلہ واپس کروائیں گے۔نواز شریف نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پچیس جولائی کو انتخابات میں حصہ لینا ہے، جھوٹے لوگوں کی باتوں میں مت آنا، دھاندلی کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے،اس کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی کو دھاندلی کی کوشش کی گئی تو نواز شریف لاہور سے اسلام آباد بھی جا سکتا ہے، مسلم لیگ ن کے مقابلے میں کوئی سیاسی جماعت نظر نہیں آتی۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف ہر ہتھکنڈے استعمال کرلیے گئے پر عوام کے دل سے ان کی محبت نہیں نکال سکے، کچھ نہیں کرسکے تو اب الیکشن سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،انھیں بھاگنے نہیں دیں گے۔