وفاقی انتظامیہ نےتنظیم کی سیاسی وسماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وفاقی انتظامیہ نےلال مسجد کی شہداء فاؤنڈیشن کوغیر رجسٹرڈ تنظیم قراردیتے ہوئے سیاسی وسماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی جبکہ شہداء فائونڈیشن کو جاں بحق افراد کی یاد میں تقریب کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیاہے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد نے صدر شہدا فاؤنڈیشن کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی سیاسی و سماجی سرگرمی کی صورت میں شہدا فاؤنڈیشن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری طرف شہدا فاؤنڈیشن نے وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی انتظامیہ کی جانب سے بھیجے گئے تحریری مراسلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور وفاقی انتظامیہ نے جھوٹ بولا ہے کہ شہدا فاؤنڈیشن غیررجسٹرڈ تنظیم ہے۔سانحہ لال مسجد و جامعہ حفصہ کے دس سال مکمل ہونے پر شہدا فاؤنڈیشن نے 7 جولائی کو لال مسجد میں ’’شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کرنا تھا، اس حوالے سے صدر شہدا فاؤنڈیشن طارق اسد ایڈووکیٹ نے وفاقی انتظامیہ کو این او سی جاری کرنے کے لیے تحریری درخواست دی تھی۔