وعدہ خلافی کس نےکی؟ دھوکا کس نےدیا؟ نوازشریف
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تین سال بعد زرداری صاحب کو سچ بولنے کا خیال کہاں سے آگیا؟وعدہ خلافی کس نےکی؟دھوکا کس نےدیا؟ کس نے تحریری معاہدوں سے انحراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’قرآن وحدیث‘‘ نہیں،زرداری صاحب کیچڑاچھالنےاورتاریخ مسخ کرنے سے گریز کریں۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ زرداری صاحب کیا اتنے بھولے اور معصوم تھے کہ ان کے ورغلانے میں آگئے؟ ان کے ’’اینٹ سے اینٹ بجانے‘‘ والے بیان پراسی شام ناپسندیدگی کا پیغام بھیجاتھا،زرداری سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی تھی،مشرف سے اختلاف کا مقصدیہ نہیں ہوناچاہیے کہ ادارے کی اینٹ سے اینٹ بجادی جائے،زرداری صاحب نے اصرار کیا تھا کہ مشرف کے تمام اقدامات کی پارلیمانی توثیق کردی جائےپر انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اینٹ سے اینٹ بجانےوالا بیان نواز شریف کی چال میں آکردیاتھا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب جانتے ہیں سندھ میں ڈاکٹر عاصم یا دوسروں کے خلاف نیب کارروائیاں کس کے کہنے پرہوئیں؟زرداری صاحب نے بتایا کہ وہ ان کے اشاروں پرچل رہے تھے، قوم کو آج یہ بھی بتادیں کہ وہ کس کی کٹھ پتلی ہیں،زرداری صاحب کل میری زبان بول رہے تھے تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں؟ بہتر ہوگا کہ زرداری صاحب زاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں، توجہ انتخابات پر مرکوز رکھیں اور نوشتہ دیوارپڑھنے کی کوشش کریں۔