وزیر قانون کا استعفیٰ لئےبغیر دھرنا ختم نہیں کریں گے :علامہ خادم حسین رضوی
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)تحریک لبیک یا رسو اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی توہین ہوئی تو آج ہماری مخالفت کرنے والے دربدر پھرتے رہے اور سڑکیں بند کر کے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرتے رہے ،اس وقت انہیں قوم کے مسائل یاد نہیں تھے ؟ہم تاجدار ختم نبوت ﷺ کی عزت و عظمت کے لئے یہاں 12 روز سے بیٹھے ہیں ،اپنے مطالبے کی منظوری کے بغیر یہاں سے نہیں اٹھیں گے ،افتخار چوہدری کی عزت کے لئے سر کٹانا جائز تھا تو محمد عربیﷺ کی عزت و حرمت پر کیوں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ،جس سیاسی و مذہبی جماعت نے ہماری حمایت کرنی ہے وہ ہمارے ساتھ یہاں آ کر بیٹھے ،ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لئے قوم باہر نہ نکلی تو اللہ کا عذاب آئے گا ۔
تفصیلات کے مطابق فیض آباد چوک میں میڈیا سے گفتگو اور شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر کسی کے کہنے پر بیٹھے ہیں اور نہ ہی کسی کے کہنے پر اٹھیں گے ، ہم یہاں پر محمد عربی ﷺ کی عزت و عظمت کے لئے بیٹھے ہیں ، عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے ڈاکوؤں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے ،وفاقی وزیر قانون کا استعفیٰ لئے بغیر یہاں سے نہیں اٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس دھرنے کو ملک بھر کی ہزاروں گدیوں کے زعما اور مشائخ کی بھر پور تائید و حمایت حاصل ہے جبکہ اتنی بڑی تعداد میں بزرگ یہاں اکٹھے ہیں کہ کروڑوں روپیہ خرچ کر کے بھی انہیں ایک جگہ جمع کرنا مشکل ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر وہ کردار ادا نہیں کر رہا جو اس کا بطور ایک مسلمان فرض بنتا ہے ،پوری ملت اس مسئلے پر ہماری حمایت کر رہی ہے ،ساری دنیا غرق ہو یا جل کر راکھ ہو جائے ،رسول اللہ ﷺ کی عزت اور ختم نبوت ﷺ کے سامنے کسی کی کوئی عزت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے جس جج کو ہمارے دھرنے میں لوگوں کی تکالیف یاد آ رہی ہیں وہی جج افتخار چوہدری کی عزت کے مسئلے پر سڑکوں پر در بدر پھرتا رہا ،25 گھنٹے اسلام آباد سے لاہور جانے کے لئے سڑکوں کو بند کیا گیا ،کیا اس وقت انہیں لوگوں کے مسائل یاد نہیں تھے ؟۔