وزیر اعظم کی نااہلی کی صورت میں کسی بھی سینئر لیگی رکن قومی اسمبلی کو وزیراعظم کے عہدے پر نامزد کیا جائے گا۔
کراچی: حکمراں مسلم لیگ (ن) نے پاناما لیکس کیس کے متوقع عدالتی فیصلے سے پیدا ہونے والے ممکنہ حالات سے نمٹنے کیلیے اپنی مشاورت مکمل کرلی ہے۔
عدالت کی جانب سے ممکنہ طورپر وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ آنے کی صورت میں حکمراں لیگ فوراً نئے الیکشن کرانے کا اعلان کرنے کے بجائے ’نیا وزیراعظم‘ نامزد کرے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک میں مردم شماری کا آغاز ہونے جارہا ہے، اس لیے مردم شماری کے دوران نئے انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے۔
ادھر پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے ممکنہ طور پر وزیر اعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا تو عام انتخابات کے بجائے کسی بھی سینئر لیگی رکن قومی اسمبلی کو وزیراعظم کے عہدے پر نامزد کیا جائے گا اور حکومت سازی کا مرحلہ جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا تاکہ حکومتی سطح پر انتظامی بحران پیدا نہ ہوسکے۔