ایڈیٹرکاانتخاب

وزیر اعظم کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی 3 نسلوں کو بے نقاب کردیا، جے آئی ٹی کو نواز شریف کے خلاف اثاثے چھپانے کے شواہد ملے، جس کے بعد وہ وزیر اعظم رہنے کا سیاسی اور اخلاقی جواز کھو چکے ہیں اور انہیں بلاتاخیر وزیر اعظم ہاؤس سے رخصت ہوجانا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شفاف تحقیقات کے لیے وزیر اعظم کا عہدے سے الگ ہونا لازمی ہے، نواز شریف گھر بھیجے جانے سے پہلے عہدہ چھوڑ دیں جبکہ وزیر اعظم کے ساتھ تمام وزراء کو بھی جانا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے کسی سیاستدان کے خلاف اگر کوئی مقدمہ ہو تو اس کا نام تو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا جائے لیکن پنجاب کے لوگوں کے لیے دوسرا قانون استعمال کیا جائے، جبکہ حکومت کی جانب سے اداروں کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’خورشید شاہ کو تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کردی ہے اور تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل مرتب کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی کراچی اور گلگت بلتستان کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی چاہے وہ جب بھی ہوں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button