وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کو غلط رنگ پہنانے والے ہو ش کے ناخن لیں :خواجہ سعد رفیق
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کے مابین ہونے والی ملاقات کا سیاست یا لیگی قیادت کے خلاف بعض عدالتی فیصلوں سے کوئی تعلق نہیں،اس ملاقات کو غلط رنگ پہنانے والے ہو ش کے ناخن لیں اور پاکستان پر رحم کریں۔
سوشل میڈ یااکاﺅنٹ پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر مثبت اقدام کو سکینڈ لائز کرنیوالے ملک کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں، کوئی ذی شعور قومی اداروں کے مابین تلخیوں یا بد اعتمادی کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور باہمی اعتماد کی طاقت ہی سے پاکستان کے دشمنوں کا مقابلہ ممکن ہو گا،سب نے آئین اور قانون کی روشنی ہی میں آگے بڑھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ایسا کچھ نہیں کیا کہ این آر او مانگا جائے، منصفانہ غیر جانبدارانہ اور بروقت انتخاب تمام سٹیک ہو لڈرز کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔سعد رفیق کہتے ہیں کہ ریاست کے دو بڑوں کی ملاقات اور رابطہ پاکستان کے لئے نیک شگون ہے ،عدلیہ اور انتظامیہ کے مابین تناو ہمیشہ ملک کے لئے نقصان کا باعث بنا۔