وزیرداخلہ نے دھرنا آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنادی
وزیر داخلہ احسن اقبال نے سیکرٹری داخلہ کی نگرانی میں دھرنا آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی دھرنا 2014 ءکے بعد پولیس کی دھرنوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کا جائزہ لے گی۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک کو ناکام بنانے کے لئے کئی قوتیں کر رہی ہیں، بعض گروہ نادانستگی میں ملک دشمنوں کا ایجنڈا بڑھانے کا ذریعہ بن جاتے ہیں ۔
وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مظاہروں اور دھرنوں سے نمٹنے کے لئے جدید ترین صلاحیت سے لیس 1000 پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم ہنگامی بنیادوں پر تشکیل دی جائے، اسلام آباد پولیس کی ضروریات فی الفور پوری کی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت میں آئندہ دھرنوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،حالیہ دھرنے سے پاکستان کا عالمی امیج متاثر ہوا ہے، داخلی طور پر ہم کمزور ہوئے ہیں، مذہبی رہنماؤں کا فرض ہے کہ دین کی صحیح تعلیمات سے قوم کو آگاہ کریں ۔
احسن اقبال نے کہا کہ نفرتوں کے بیج بوئے گئے تو کئی نسلیں بھگتیں گی،ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہ ہوا ہے اور نہ کوئی کر سکتا ہے،گھروں پر حملوں کے مناظر شرمناک تھے ، اسلام امن ، آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔