وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے رائے شماری آج ہو گی
بلوچستان اسمبلی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج کرے گی ، وزارت اعلیٰ کے لیے مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو اور پشتون خوا میپ کے دو امیدواروں عبدالرحیم اور آغا لیاقت میں مقابلہ ہے ۔
ارکان اسمبلی سے دن ساڑھے گیارہ بجے ہاتھ اٹھوا کر رائے لی جائے گی ،عبدالقدوس بزنجو کی کامیابی کے امکانات، نیا وزیراعلیٰ آج شام پانچ بجے حلف اٹھائے گا۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ کےانتخاب کےلئے گزشتہ روز تین امیدواروں نے صوبائی ا سمبلی سیکرٹر یٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ق لیگ کےرکن میرعبدالقدوس بزنجو کی حمایت میں 5کاغذات نا مزدگی جمع ہوئے جبکہ انکے مد مقابل پشتو نخوا میپ کی جانب سے وزیر اعلی کے امیدوار کے طور پر عبدا لر حیم زیارت وال اورآغالیاقت بھی کاغذات جمع کرانے وا لو ں میں شامل تھے۔
عبدالقدوس بزنجو کوق لیگ کےارا کین کےعلاوہ ن لیگ کے منحر ف اور حزب اختلا ف کے اراکین کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔
سابق حکومت کی حلیف جماعت نیشنل پارٹی نے نہ اپنا کوئی امیدوار نامزد کیا او رنہ ہی کسی جماعت کی حما یت کی ہے۔
واضح رہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نواب ثناء اللہ زہری نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان خان محمد اچکزئی کو پیش کیا تھا، جسے انہوں نے منظور کر کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے 13 جنوری کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا۔